Home / اردو / نیوز اینڈ میڈیا / برمنگھم میں ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے تحت حاجی کیمپ کا انعقاد

برمنگھم میں ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے تحت حاجی کیمپ کا انعقاد

حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی تعلیم و تربیت، دوران حج مشکلات و مسائل سے بچنے، صحت و تندرستی کو قائم رکھنے اوراس مقدس فریضہ کے ارکان و مناسک کو شریعت کے احکام کے مطابق صحیح طور پر ادا کرنے کے طریقہ کار سے باخبر کرنے کیلئے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے برمنگھم میں حاجی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس حاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہاؤس آف لارڈز کے ڈپٹی لیڈر فلپ ہنٹ، ممبرز آف پارلیمنٹ سٹیو مکیب، جان ہیمنگ، برمنگھم سٹی کونسل کی سیفٹی کمیٹی کے چیئرمین بیرسٹرایوب خان اور پبلک پروٹیکشن کمیٹی چیئرمین کونسلر نیل یوسٹس نے عازمین کو یقین دلایا کہ بعض ٹور آپریٹرز کی جانب سے عازمین حج و عمرہ کا کیا جانے والا استحصال اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ غیرقانونی اور مجرمانہ حرکات میں ملوث افراد کا اب سختی سے احتساب کر کے قانون کی علمبرداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ برمنگھم ٹریڈنگ سٹینڈرڈ کے محکمہ کے سینئر افسران محمد طارق اور ویرآلوالیا نے عازمین حج کوٹور اینڈ ٹریول آپریٹرز کی ذمہ داریوں اورعازمین کے حقوق سے متعلق ملکی قوانین سے آگاہی دی اور کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ تمام حج ٹور آپریٹرز ان قوانین پر عمل کرتے ہوئے اپنے حج پیکیج سے متعلق تمام تفصیلات تحریری طور پر ایک کنٹریکٹ کی صورت میں عازمین کو دیں۔ کنٹریکٹ کے مطابق حج کے دوران حاجیوں کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کمیونٹی پر بھی زور دیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور کسی قسم کی زیادتی، دھوکہ، فریب اور استحصال کی صورت میں گھروں میں خاموش ہو کر بیٹھ جانے کے بجائے اس کی رپورٹ ٹریڈنگ سٹینڈرڈ کے محکمہ ، اپنے لوکل کونسلر ز یا ایم پی کو کریں تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری خالد پرویز نے عازمین پر زور دیا کہ اس مقدس فریضہ کی ادائیگی انتہائی مشکل ہے وہ اللہ اور رسول اللہ ﷺ کے احکامات کے مطابق اس فریضہ کی صحیح طور پر ادائیگی کے لئے تمام ضروری معلومات حاصل کر کے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن آئندہ بھی حکومتی اداروں کے تعاون سے عازمین حج و عمرہ کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

جمیل شیر احمد العمری نے عازمین کو ایک مقبول حج کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے تلقین کی کہ وہ اپنی نیت اور عبادت میں خشوع اور خضوع کو یقینی بنائیں۔ ایسوسی ایشن کے آفتاب پرواز نے مناسک حج و عمرہ کی ادائیگی سے متعلق عازمین کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں احرام باندھنے اور دیگر امور پر عملی تربیت دی۔ ایسوسی ایشن کے سینئر ڈاکٹر ز رشید احمد بھٹی اور سید رضا حسین نے عازمین کو اپنی صحت و تندرستی برقرار رکھنے کے لئے تمام تر ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گردن توڑ بخار کا انجکشن لگوا کر جانا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہاں بیمار ہونے سے بچ کر اپنی عبادت آرام و سکون سے کر سکیں۔

ہوم آفس کے فیتھ کمیونیٹیز کے سینئر ایڈوائزرمقصود احمد اوبی ای نے اپنے خطاب میں عازمین کے لئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید عزیز نے بھی خطاب کیا۔ تقریر کی نظامت مولانا سرفراز مدنی نے کی۔

٭٭٭

Leave a Reply

Scroll To Top