Home / اردو / عازمین حج کے مسائل حل کرنے کے لئے تعاون کرتے رہیں گے: فلپ ہنٹ

عازمین حج کے مسائل حل کرنے کے لئے تعاون کرتے رہیں گے: فلپ ہنٹ

برمنگھم (پ۔ر) ہاؤس آف لارڈز کے ڈپٹی لیڈرلیبر لارڈ فلپ ہنٹ نے برمنگھم میں ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے زیر اہتمام منعقدہ حج کانفرنس میں عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے عازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں اور خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عازمین پر زور دیا کہ وہ ایسوسی ایشن کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی بھرپور حمایت اور ان سے استفادہ حاصل کریں تاکہ حج کے سفر میں ان کے لئے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ لارڈ فلپ ہنٹ نے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج اور عازمین حج و عمرہ کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ ان مشکلات و مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون اور اقدامات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عازمین کے ساتھ ہونے والے استحصال کو روکنے کے لئے پولیس اور ٹریڈنگ سٹینڈرڈ کی جانب سے اب تک کئے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔

عازمین حج کو اس کانفرنس کے موقع پر خوش آمدید کہتے ہوئے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے جنرل سیکریٹری خالد پرویز نے کہا کہ مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے ضروری ہے کہ عازمین ذہنی، جسمانی طور پر تیار اور اس فریضہ کی ادائیگی سے متعلق تمام پہلوؤں سے مکمل طور پر آگاہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لارڈ نذیر احمد کی سرپرستی ، حرمین شریفین کے انتظامی امور کے انچارج شیخ السدیس امام کعبہ اور پرنس چارلس کے پیغام ہمارے لئے اعزاز ہیں۔ مشہور مذہبی سکالر جمیل شیر احمد العمری نے اس مقدس فریضہ کی اہمیت و فضیلت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے خطاب میں عازمین پر زور دیا کہ وہ اس مقدس سفر پر روانہ ہونے سے پہلے مناسک حج و عمرہ کی ادائیگی سے متعلق شریعت کے احکامات کو زیادہ سے زیادہ جاننے کی کوشش کریں۔ نوجوان سکالر آفتاب احمد پرواز نے مکمل اور جامع طور پر عازمین کو مناسک حج و عمرہ کی ادائیگی سے متعلق تربیت کی۔ انہوں نے عملی طور پر احرام باندھنے کے آسان طریقہ کار سے آگاہی دی۔ ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے رکن اور سینئر ڈاکٹر رشید بھٹی نے عازمین کو حج کے دوران صحت اور تندرستی کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے عازمین کو خبردار کیا کہ بیس، پچیس لاکھ انسانوں کے ہجوم میں بیماریوں کے پھیلنے کے شدید خطرات رہتے ہیں۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی مجلس عاملہ کے ایک اور رکن اور سینئر ڈاکٹر سید رضا حسین نے عازمین حج کو مینجائٹس (گردن توڑ) وبائی اور خطرناک موذی بیماری سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے عازمین پر زور دیا کہ وہ مینجائٹس سے بچاؤکا انجکشن ضرور لگوا کر جائیں۔ اس حج کانفرنس کے موقع پرایسوسی ایشن آف برٹش حجاج اور مسلم ڈاکٹرزاینڈ ڈینٹسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طور پر عازمین حج کو مینجائٹس کے انجکشن بھی لگائے گئے۔

مسلم ہینڈز کے ڈائریکٹر آف کمیونٹی ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ مقصود احمد نے عازمین کو حج کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلم ہینڈز کی جانب سے شروع کئے گئے فلاحی منصوبوں کے متعلق آگاہی دی۔ یوکے اسلامی مشن کی جانب سے برطانیہ میں کمیونٹی کی پچاس سالہ خدمات اور فلاحی سرگرمیوں کے اعتراف میں ایسوسی ایشن کی جانب سے مشن کے صدر ڈاکٹر زائد پرویز کو شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر زائد پرویز نے مشن کی جانب سے اب تک کئے جانے والے فلاحی پروگراموں سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ مسلم ڈاکٹرز اینڈ ڈینٹسٹ ایسوسی ایشن کے صدر کنسلٹنٹ ڈاکٹر امتیاز احمد نے اپنے جامع اور بھرپور انداز میں عازمین حج و عمرہ کو حج کے دوران درپیش صحت کے خطرات سے آگاہی دیتے ہوئے انہیں خبردار کیا کہ وہ اپنی صحت کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتیں۔ معروف مذہبی رہنما قاری تصورالحق اور سیاسی و سماجی رہنما سعید مغل نے بھی اس موقع پر عازمین سے اپنے خطاب میں انہیں اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کے سفر پر روانہ ہونے کے لئے مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی کاوشوں کو سراہا۔ برمنگھم ٹریڈنگ سٹینڈرڈ کی سربراہ سجیلہ نصیر، چیئر پرسن پبلک سیفٹی کمیٹی کونسلر بابراڈنگ نے شرکا ٔ کانفرنس کو ملکی قوانین کے تحت ٹورآپریٹرز کی ذمہ داریاں اور عازمین کے حقوق سے متعلق آگاہی دی ۔ ویسٹ مڈلینڈ پولیس کے افسران نے عازمین کو ملکی قوانین سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی فراڈ اور دھوکہ کی صورت میں ان سے رابطہ کریں۔ اس حج کانفرنس کا آغاز حمزہ قمر کی تلاوت پاک سے ہوا اور اس کی نظامت معروف مذہبی رہنما مولانا محمد سرفراز مدنی اور محمد سعید نے کی۔

Leave a Reply

Scroll To Top