Home / اردو / نیوز اینڈ میڈیا / عازمین حج اس فریضہ کو آسان نہ سمجھیں: والتھم فاریسٹ میں حج سیمینار

عازمین حج اس فریضہ کو آسان نہ سمجھیں: والتھم فاریسٹ میں حج سیمینار

20لاکھ سے زیادہ عازمین کی موجودگی میںصحت و تندرستی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، ان کیلئے حفاظتی تدابیر کر کے جانا ضروری ہے

عازمین حج و عمرہ کیلئے برطانوی حکومت نے قوانین بنائے ہوئے ہیں: گیرتھ تھامس، خالد پرویز، قاری غلام حسین، رانا رشید، سید رضا، آفتاب پروازاور کیون ڈیوس کا خطاب

لندن(پ ر) والتھم فاریسٹ اسلامک ایسوسی ایشن اور ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے لی برج روڈ مسجد غوثیہ لیٹن لندنE10میں منعقدہ حج و عمرہ سیمینار کے موقع پر ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے منسٹر مسٹر گیرتھ تھامس نے اپنے خصوصی خطاب میں والتھم فاریسٹ اور برٹش حجاج ایسوسی ایشن اور شرکاء سیمینار کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عازمین حج کو مناسک حج و عمرہ کی صحیح طور پر ادائیگی اوراس سفر کے دیگر پہلوؤںسے آگاہی دینے کیلئے سیمینار اہم کردار ادا کرے گا۔

سیمینار کا آغاز قاری غلام حسین رضوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ رانا ارشد محمود نائب سیکرٹری مسجد نے برٹش حجاج کے عہدیداروں کا تعارف کرواتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ مسجد کے امام قاری غلام حسین رضوی نے عازمین حج و عمرہ کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ برٹش حجاج ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد پرویز نے برطانوی عازمین حج و عمرہ کی فلاح و بہبود کیلئے پچھلے آٹھ برسوں میں ایسوسی ایشن کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ فریضہ حج کو آسان نہ سمجھیں یہ صرف مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گھوم آنے کا نام نہیں بلکہ اسلام میں دوسری عبادات کی طرح اس کے مناسک بھی شریعت کے مطابق ادا کرنے ہوتے ہیںجن کے بارے میں علم حاصل کرنا تمام عازمین حج کیلئے اشد ضروری ہے۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے سینئر ڈاکٹر سید رضا حسین نے عازمین کو دوران حج و عمرہ صحت اور تندرستی برقرار رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر سے تفصیلاً باخبر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے 20لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کے عظیم اجتماع میں بیماریوں کے پھیلنے کا بڑا خطرہ رہتا ہے۔ اس لئے صحت مند رکھنے کیلئے ہر ممکن احتیاط کرنی ہوگی تاکہ حرمین شریفین میں آپ کی عبادات بیماری کی وجہ سے رہ نہ جائیں۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے نوجوان مذہبی سکالر آفتاب پرواز نے عازمین کو مناسک حج وعمرہ کی قرآن و سنت کے مطابق صحیح طور پر ادائیگی اور احرام کو باندھنے کا طریقہ سکھایا۔ ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سینئر آفیسر کیون ڈیوس اور ریچل بیلی نے خصوصی طور پر اس سیمینار میں شرکت کی۔ کیون ڈیوس نے شرکاء کو برطانیہ کے ان قوانین کے بارے میں باخبر کیا جوکہ حج وعمرہ ٹریول ٹور انڈسٹری کی ذمہ داریاں اور عازمین حج وعمرہ کے حقوق متعین کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Scroll To Top