Home / اردو / نیوز اینڈ میڈیا / حکومت عازمین کی مدد کیلئے بھرپورتعاون کریگی: فل ہنٹ

حکومت عازمین کی مدد کیلئے بھرپورتعاون کریگی: فل ہنٹ

حج ٹور آپریٹرز بہتر سروس مہیا کرنے کے پابند ہیں: لارڈ نذیر

عازمین حج و عمرہ کا استحصال ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے، عازمین قانون شکنی کرنیوالوں کیخلاف اپنی شکایات متعلقہ محکموں تک ضرور پہنچائیں: ڈپٹی لیڈر آف دی ہاؤس

عازمین کی فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت کیلئے برٹش حج ڈیلیگیشن کے قیام کیلئے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں، مجھے ان پر فخر ہے: لارڈ نذیر

کیمپ میں عازمین حج سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے کیون ڈیوڈ، سٹیون گریگری اور کرسٹیفر راؤ نے بھی خطاب کیااور عازمین کو قوانین سے آگاہی دی

برمنگھم (پ ر) ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے برمنگھم میں منعقدہ حاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی لیڈر آف دی ہاؤس اور گورنمنٹ منسٹر لارڈ فل ہنٹ نے اعلان کیا کہ گورنمنٹ عازمین حج وعمرہ کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور تعاون کرتی رہے گی اور عازمین حج وعمرہ کا استحصال ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔ عازمین قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف اپنی شکایات متعلقہ محکموںتک ضرور پہنچائیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جا سکے۔

لارڈ فل ہنٹ نے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے پچھلے دس برسوں میں عازمین کی مدد اور ان کی مشکلات اور مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کاوشوں کی وجہ سے حکومت اور اس کے اداروں کو عازمین کے مسائل سے آگاہی ہوئی اور اب ان کے حل کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے پیٹرن لارڈ نذیر احمد نے عازمین حج و عمرہ سے اپنے خطاب میں گورنمنٹ کی جانب سے عازمین کے مسائل کے حل اور بالخصوص لارڈ ہنٹ کی جانب سے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی مدد اور تعاون کرنے پر بھرپور شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ یہ تقریب برطانیہ اور یورپ میں اپنی نوعیت کی واحد پروقار تقریب ہے جس میں عازمین حج و عمرہ کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ منسٹر، ممبرز آف پارلیمنٹ، ممبرز آف ہاؤس آف لارڈز، حکومت کے مختلف اداروں کی سرکردہ شخصیات اور نمائندے موجود ہیںاور جسے سیٹلائٹ ٹی وی کے ذریعے براہ راست پوری دنیا میں دکھایا جا رہا ہے۔

لارڈ نذیر احمد نے عازمین کی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیم و تربیت کیلئے برٹش حج ڈیلیگیشن کے قیام کیلئے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے کی جانے والی انتھک کوششوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان پر فخر ہے۔ لارڈ نذیر احمد نے عازمین کا استحصال کرنے والوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حاجیوں سے حج پیکیج کے لئے ایک بھاری رقم وصول کرنے کے بعد یہ لوگ قانوناً اس کے پابند ہیں کہ انہیں دوران سفر اور حج بہتر سہولتیں بھی فراہم کریں۔

ننھے بچے حمزہ قمر کی خوبصورت تلاوتِ قرآن پاک اور نعت کی ادائیگی کے بعد اس حاجی کیمپ کا آغاز مناسکِ حج و عمرہ کی ادائیگی کے بارے میں ایک انتہائی معلوماتی فلم سے کیا گیا۔ عالم دین اور مفکر قاری غلام رسول تالف نے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے جنرل سیکرٹری خالد پرویز کی عازمین حج و عمرہ کی رہنمائی کیلئے لکھی ہوئی کتاب’’تجلیاتِ حرم‘‘ کے متعلق ایک دلچسپ مکالمہ پیش کیا۔ معروف عالم دین اور سماجی رہنما مولانا سرفراز مدنی جو حاجی کیمپ کی پہلی نشست کی میزبانی بھی کررہے تھے حج و عمرہ کی اہمیت و فضیلت کے بارے میں عازمین کو احادیث کی روشنی میں آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ اللہ اور اس کے رسول اکے احکامات کے مطابق اس مقدس فریضہ کی صحیح طور پر ادائیگی سے اللہ تعالیٰ حاجی کے زندگی بھر کے گناہوں کو بخش دیتے ہیںاور وہ پہلے دن کے بچے کی طرح معصوم اور پاک ہو جاتا ہے۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے جنرل سیکرٹری خالد پرویز نے عازمین سے اپنے خطاب میں کہا کہ حج بیت اللہ جتنی عظیم عبادت ہے اتنی ہی اس کی ادائیگی مشکل بھی ہے اس لئے عازمین کو اس کیلئے بھرپور تیاری کرنا چاہئے۔ اس کو آسان نہ کیا جائے۔ 20سے 25لاکھ انسانوں کے عظیم اجتماع میں اس کی صحیح طریقے سے ادائیگی کیلئے ذہنی طور پر پُرسکون اور جسمانی طور پر فٹ ہونا ضروری ہے۔ اس لئے وہاں ہیلتھ، سیفٹی اور حج کے دیگر تمام پہلوؤں سے متعلق باخبر ہونے اور تما م تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہی حاجی مشکلات و مسائل سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ تربیتی پروگرام ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور مدد کے لئے کی جانے والی کاوشوں کا ایک حصہ ہے۔

نوجوان مذہبی رہنما اور سکالر آفتاب پرواز جنہوں نے بیس سے زائد بار فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کررکھی ہے انتہائی مؤثر اور جامع طریقہ سے عازمین کو قرآن و حدیث کی روشنی میں مناسک حج و عمرہ کو صحیح طور پر ادا کرنے کے طریقۂ کار بتائے اور ان کی تربیت کی۔ برمنگھم کے لارڈ مئیر چوہدری عبدالرشید نے خصوصی طور پر اس حاجی کیمپ میں شرکت کی اور عازمین حج کو نیک تمنائیں اور مبارکباد پیش کی۔ لارڈمئیر نے اس امر پر افسوس کا بھی اظہار کیا کہ بعض بددیانت عناصر حجاج کی لوٹ کھسوٹ کررہے ہیں۔ انہوں نے عازمین سے کہا کہ وہ ایسے عناصر کی لوکل ٹریڈنگ سٹینڈرڈ کے محکمہ میں ضرور رپورٹ کریں۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے سینئر ڈاکٹر رشید بھٹی نے عازمین حج کو دوران حج اپنی صحت کو برقراررکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر سے تفصیلاً آگاہ کیااور کہا کہ عازمین حج کے سفر پر روانہ ہونے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مل کر اپنی صحت کے بارے میں خدشات دور کرلیں۔ اور بالخصوص بلڈ پریشر، شوگر یا دل کی بیماری کے مریض جو ادویات باقاعدہ لے رہے ہیںان کو ساتھ لیجانا نہ بھولیں۔ وگرنہ وہاں بیمار پڑ جانے سے اگر حج وعمرہ کے مناسک ادا نہ کرسکے یا عبادات رہ گئیں تو ان کا بڑا نقصان ہو سکتاہے۔ ایسوسی ایشن کے دوسرے سینئر ڈاکٹر سید رضا حسین نے عازمین کو مینجائٹس یعنی گردن توڑ بخار کی خطرناک بیماری کے بارے میں خبردار کیا۔

حاجی کیمپ کی دوسری نشست کی میزبانی مشہور سیاسی اور سماجی رہنما قمر رشید بھٹی نے کی اور اس کے پہلے مقرر نوجوان طالب علم فرحت خالد نے عازمین کو ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی جانب سے عازمین کا استحصال روکنے کیلئے اب تک کی جانیوالی کاوشوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان انتھک کوششوں کے مثبت نتائج اب سامنے آنا شروع ہوگئے ہیںاور حکومتی اداروں کی جانب سے استحصال کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات حوصلہ افزاء ہیں۔ اس کیلئے ایسوسی ایشن بالخصوص ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے وزیر گرتھ تھامس اور ان کی ٹیم کے مشکور ہیں۔

حاجی کیمپ میں عازمین حج سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے کیون ڈیوس ، سول ایسوسی ایشن اتھارٹی کے سٹیون گریگری اور برمنگھم ٹریڈ نگ سٹینڈرڈ کے کرسٹیفر راؤ جوکہ ان محکموں کے اعلیٰ افسران ہیںنے بھی خطاب کیااور عازمین کو برطانیہ میں ان قوانین سے آگاہی دی جو حج وعمرہ ٹریول اور ٹورآپریٹرز کی ذمہ داریاں اور عازمین حج کے حقوق کو وضع کرتے ہیں۔ ان قوانین کے مطابق تمام ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز جو حج پیکیج بھیجتے ہیںان کیلئے ATOLکا لائسنس ہولڈر ہونا ضروری ہے۔ وہ اس امر کے بھی پابند ہیںکہ وہ حج پیکیج کی تمام تفصیلات تحریری طور پر حاجی کو دیں۔ جھوٹ اور غلط بیانی کرنا سخت جرم سمجھا جائے گا۔
اس کامیاب اور پروقار حاجی کیمپ کے اختتام پر چیئرمین جاوید عزیز نے ایسوسی ایشن کی جانب سے تمام عازمین حج کو مقدس سفر کیلئے نیک تمنائیں اور مبارکباد پیش کی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Scroll To Top