Home / اردو / نیوز اینڈ میڈیا / عازمین حج کی بڑی تعداد کا طرزِعمل تقدسِ حرمین کے منافی ہوتا ہے

عازمین حج کی بڑی تعداد کا طرزِعمل تقدسِ حرمین کے منافی ہوتا ہے

برمنگھم(پ ر) ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں حرمین شریفین کی اہمیت و فضیلت کو نظرانداز کرتے ہوئے عازمین کی ایک بڑی تعداد کا حرمین میں طرزِ عمل ایسے ہوتا ہے کہ گویا وہ کسی تفریحی مقام پر سیروسیاحت کیلئے آئے ہوں۔ بیت اللہ کے پاس کھڑے ہو کر پوز بنا بنا کر تصویریں اور ویڈیو بنانا، موبائل فون پر دوسروں سے گپ شپ میں مصروف رہنا اور بیت اللہ یا روضہ پاک کے پاس بیٹھ کر لوگوں کے موبائل فون پر گیمز کھیلنے کے مناظر عام ہوتے جار ہے ہیں اور حرمین میں نماز کے دوران موبائل پر بجنے والے میوزک سے دیگر عبادت گزاروں کی عبادت میں اکثر خلل پیدا ہوتا رہتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے حرمین شریفین کے تقدس کو مجروح کرنے اور پروان چڑھنے والے اس نئے کلچر پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کہیں یہ کلچر ہمیں عذابِ الٰہی کے قریب نہ کر دے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سعودی عرب سے اپیل کی کہ وہ معاملات کی نزاکت اور سنجیدگی کو سمجھتے ہوئے عمرہ یا حج کے سفر کو ٹورازم کے کلچر میں بدلنے کے رجحان کو سختی سے روکے۔ ایسوسی ایشن نے دنیائے اسلام کے علماء سمیت تمام ذمہ داروں سے بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے کہا ہے۔

Leave a Reply

Scroll To Top