Home / اردو / نیوز اینڈ میڈیا / حرم مکہ میں اغواء اور قتل کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں

حرم مکہ میں اغواء اور قتل کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں

برمنگھم( پ ر) سعودی عرب میڈیا کے مطابق مکہ المکرمہ میں ایک نوجوان لڑکی کے اغواء اور دوسری لڑکی کی ہوٹل کی سولہویں منزل سے گرا کر ہلاک کئے جانے کے واقعات نے اہل مکہ کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الجزائر سے تعلق رکھنے والی 14سالہ نوجوان لڑکی کے ہلاک کئے جانے کے الزام میں پولیس نے دو یمنی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان افسوسناک واقعات سے حرم کعبہ کے تقدس اور احترام کی جس طرح پامالی ہوئی ہے اس سے اہل مکہ میں رنج و غم اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے مطابق یہاں چوری چکاری اور جیب تراشی کے واقعات تو ہوتے رہتے ہیں لیکن حرم کعبہ میں اس قسم کے سنگین جرائم کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے ان واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خادمین حرمین شریفین شاہ عبداللہ سے ایک بار پھر پرزور اپیل کی ہے کہ وہ حرمین شریفین کے تقدس و احترام پامال کرنے والے واقعات اور سرگرمیوں کا نوٹس لیکر ان کا سختی سے سدباب کریں ۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج پچھلے کچھ عرصہ سے دنیائے اسلام کی حکومتوں اور علماء اسلام کی توجہ اس انتہائی اہم مسئلہ کی جانب دلانے کی کوشش کرتی رہی ہے کہ حرمین شریفین میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی توجہ عبادات کے بجائے وہاں فوٹوگرافی ‘ ویڈیو فلمیں بنانے یا موبائل فون کے آزادانہ استعمال پر رہتی ہے اور ان موبائل فونز سے بجنے والا میوزک حرمین شریفین کی مقدس فضاؤں میں ہر وقت گونجتا رہتا ہے۔ سیروسیاحت کا یہ کلچر جس تیزی سے وہاں فروغ پا رہا ہے وہ کسی بڑی پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے مسلم امہ کو انتباہ کیا ہے کہ وہ رسول اکرمﷺ کے اس فرمان کو نظرانداز نہ کریں کہ جس میں آپﷺ نے فرمایا کہ جب تک میری امت اس حرمِ مقدس کا پورا احترام کرتی رہے گی اور اس کی حرمت و تعظیم کا حق ادا کرے گی خیریت سے رہے گی اور جب اس میںیہ بات نہیں رہے گی تو پھر برباد ہو جائے گی۔

٭٭٭

Leave a Reply

Scroll To Top