Home / اردو / نیوز اینڈ میڈیا / یورپین کمیشن کی فضائی مسافروں کیلئے آگاہی مہم کا آغاز

یورپین کمیشن کی فضائی مسافروں کیلئے آگاہی مہم کا آغاز

برمنگھم( پ ر) یورپین کمیشن کی جانب سے ائیر لائن مسافروں کو ان کے حقوق سے باخبرکرنے کیلئے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ تاکہ بڑی تعداد میں ائیر لائنز پر سفر کرنے والے ان مسافروں کی مدد کی جا سکے جو اپنے حقوق سے لا علمی کی وجہ سے استحصال کا شکار ہو رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے اس مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔ ائیر لائنز سے متعلق یورپین کمیشن ریگولیشنز261/2004 کے ذریعے مسافروں کے حقوق کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا گیا ہے۔ ان قوانین کے مطابق ٹور اینڈ ٹریول آپریٹرز کی جانب سے اوور بکنگ کی وجہ سے سفر پر روانہ نہ ہونے کی صورت میں ائیر لائن مسافر کو معاوضہ دینے کی ذمہ دار ہے۔ فلائٹ کینسل ہونے کی صورت میں مسافروں کو تقریباً 200سےلیکر500پونڈ تک معاوضہ ادا کیا جائے گا جو کہ سفر کے فاصلہ پر منحصر ہو گا۔ فلائٹ لیٹ ہونے کی صورت میں ائیر لائن مسافروں کو کھانے پینے، فری فون کالز اوررات کو رہائش فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ سفر کے دوران سامان گم ہو جانے ، اسے نقصان پہنچنے کی صورت میں ائیر لائن مسافروں کو معاوضہ دینے کی ذمہ دار ہو گی جو کہ زیادہ سے زیادہ ایک ہزار پونڈ تک ہو سکتا ہے۔ ان قوانین کے مطابق تمام ٹور اینڈ ٹریول آپریٹرز کو اس کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے پیکیج کے بارے میں مکمل اور صحیح معلومات فراہم کریں اور پھر کنٹریکٹ کے مطابق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو ہر ممکن پورا کریں اور ٹکٹ بک کرتے یا فروخت کرتے وقت اس کی قیمت بریک ڈاؤن اور دیگر حقائق و شرائط سے مسافر کو مکمل طور پر آگاہ کریں اور ان تفصیلات میں کسی قسم کی غلط بیانی یا شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے عازمین حج و عمرہ پر زور دیا ہے کہ وہ ان قوانین سے بھرپور فائدہ حاصل کریں اور ان کی مدد سے اپنے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں کسی مشکل یا مشکلات کی صورت میں ائیر ٹرانسپورٹ یوزر کونسل اور ٹریڈنگ سٹینڈرڈ مدد کر سکتے ہیں۔

٭٭٭

Leave a Reply

Scroll To Top