Home / اردو / عازمین حج کے تحفظ کیلئے مسلم ممالک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں

عازمین حج کے تحفظ کیلئے مسلم ممالک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں

حاجیوں میں ڈسپلن اور تربیت کا فقدان حادثات کا باعث بنتا ہے

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کے حالیہ منعقدہ اجلاس میں اس سال فریضہٗ حج کی ادائیگی کے دوران حجاج کو درپیش مشکلات اور مسائل پر غوروخوض کیا گیا اور بالخصوص منٰی میں سینکڑوں حجاج کی المناک اموات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کو انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا کہ حاجیوں کے تحفظ کیلئے قوانین و ضوابط یا کوئی جامع نظام سرے سے موجود ہی نہیں ہے۔ ایسوسی ایشن نے تمام متعلقہ ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سانحات پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے ان المیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ان کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ سعودی عرب حکومت کی جانب سے انتظامات کیلئے کثیر اخراجات کرنے کے باوجود ان سانحات کے رونما ہونے کا بڑا سبب حاجیوں میں ڈسپلن، ٹریننگ اور تعلیم و تربیت کا فقدان، ہیلتھ سیفٹی کے قوانین و ضوابط سے بے خبری اور ان پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔

ایسوسی ایشن نے سعودی حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ کہ وہ دوسرے ممالک کے تعاون سے حج کا ایک جامع تعلیمی نصاب تیار کرے اور اس کو تمام حاجیوں کیلئے لازم قراردیا جائے۔ اس نصاب کے تحت تعلیم و تربیت حاصل کئے بغیر کسی کو حج کا ویزا نہ جاری کیا جائے اور آئندہ حج کے موقع پر حاجیوں کی تعداد کو کم کرنے کیلئے سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ حجاج میں ڈسپلن کا شعور پیدا کرنے اور سیفٹی کے قوانین و ضوابط کی تشہیر اور تعلیم و تربیت کیلئے ایک حج سیٹلائٹ ٹی وی چینل وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے۔ اس کے قیام کیلئے فوری اقدام کئے جائیں۔

Leave a Reply

Scroll To Top