Home / اردو / حکومت عازمین حج کی صحت و تندرستی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے

حکومت عازمین حج کی صحت و تندرستی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے

عازمین کی بڑی تعداد لاعلمی کے باعث بیمار ہو جاتی ہے، مینجائٹس سے 20حاجیوں کی اموات افسوسناک ہیں مقامی صحت حکام کو بھی ہدایات دی جائیں، ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی وزیرصحت کو یادداشت

برطانیہ سے حج و عمرہ کیلئے جانے والوں کی بڑی تعداد سعودی عرب میں قیام کے دوران صحت و تندرستی سے متعلق احتیاطی تدابیر سے لاعلمی یا غفلت کی وجہ سے خرابی صحت کی بنا پر مشکلات و مسائل کا شکار ہوجاتی ہے۔ حالیہ برسوں میں مینجائٹس (گردن توڑ بخار) کی وجہ سے بیس سے زائد برطانوی حجاج کی ہونے والی اموات انتہائی افسوسناک ہیں۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے ایسے سانحات کی روک تھام اور عازمین کی صحت و تندرستی کو یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ منسٹر میٹنی جانسن اور چیف میڈیکل آفیسر سر لائم ڈانلڈسن کے نام بھیجی جانے والی یادداشت میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ برطانوی عازمین حج و عمرہ کی فلاح و بہبود کوسنجیدگی سے لیا جائے اور بالخصوص ان کی صحت و تندرستی سے متعلق تمام مسائل کے حل کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام کرے۔ ایسوسی ایشن نے ہیلتھ منسٹر اور چیف میڈیکل آفیسر کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی کہ علاقائی اور مقامی ہیلتھ اتھارٹیز کی جانب سے عازمین کی مدد اور فلاح و بہبود کے اقدامات نہ کرنا افسوسناک ہے اور مطالبہ کیا کہ وہ ہیلتھ اتھارٹیز کو ہدایات جاری کریں کہ وہ اپنے شہروں میں مقامی طور پر بھی برٹش عازمین حج و عمرہ کی صحت و تندرستی سے متعلق امور کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی مجلس عاملہ کے ارکان جاوید عزیز، خالد پرویز، ڈاکٹر رشید بھٹی، ڈاکٹر سجاد خٹک، ڈاکٹر سید رضا حسین، مولانا سرفراز مدنی، عبدالرشید جے پی اور آفتاب احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت کے اقدامات سے عازمین کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Scroll To Top