Home / اردو / نیوز اینڈ میڈیا / دنیائے اسلام حج کے دوران ہونے والے سانحات کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے

دنیائے اسلام حج کے دوران ہونے والے سانحات کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے مکہ مکرمہ میں حرم کے قریب ایک رہائشی عمارت کے گرنے کی وجہ سے متعدد عازمینِ حج کے ملبہ تلے دب کر ہلاک ہو جانے کے المناک واقعہ پر گہرے دُکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ مکہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس پرانی عمارت جس کا سٹرکچر محفوظ نہیں تھا، غیر قانونی طور پر ضرورت سے زیادہ عازمین کو وہاں رکھا گیا تھا۔

ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلاشبہ سعودی عربیہ حکومت عازمین کی دیکھ بھال، حفاظت اور انہیںبہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اپنے تمام ذرائع بروئے کار لا رہی ہے، لیکن اس کے باوجود ہر سال حج کے موقع پر حادثات میں معصوم انسانی جانوں کا یہ ضیاں جہاں انتہائی تکلیف دہ ہے وہاں عالمی پریس اور میڈیا میں ان حادثات کی بھرپور کوریج اور شہ سُرخیاں اسلام کے اس اہم بنیادی رُکن، اہلِ اسلام اور سعودی عرب کے اِمیج کو متاثر کرتی ہیں۔ اس لئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ سعودی عربیہ حکومت حاجیوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لئے عالمِ اسلام کے تمام ممالک کے ماہرین کی مدد اور تعاون سے ایک مکمل اور جامع پلان بنائے جس سے آئندہ ایسے افسوسناک حادثات اور واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ تمام عالمِ اسلام کی حکومتوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ حج کے دوران رونما ہونے والے سانحات کو روکنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے بھرپور کردار اداکریں۔

Leave a Reply

Scroll To Top