Home / اردو / عازمین حج و عمرہ کا تحفظ: ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے عالمی رابطہ مہم شروع کردی

عازمین حج و عمرہ کا تحفظ: ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے عالمی رابطہ مہم شروع کردی

اسلامی ملکوں کے مفکرین، مذہبی رہنماؤں کو خطوط جاری کردئیے گئے ، ہمارا مقصد حجاز مقدس میں حادثات کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل تیارکرنا ہے، خالد پرویز

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے حج اور عمرہ کی ادائیگی کے موقع پر عازمین کے تحفظ کے حوالے سے ایک عالمی رابطہ مہم شروع کردی ہے جس میں مختلف ملکوں کے مفکرین اور مذہبی سکالرز کو خطوط جاری کر دئیے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد پرویز نے کہا ہے کہ ہر سال مکہ مکرمہ میں دنیا کے کونے کونے سے آنے والے 20لاکھ سے زائد عازمین حج کا اجتماع جہاں خوش آئند ہے وہاں انتظامی امور میں بہت سارے چیلنجز کا سبب بھی ہے۔ حالیہ برسوں میں حج کے دوران ہونے والے حادثات اور واقعات میں سینکڑوں، ہزاروں حجاج کی ہونے والی افسوسناک اموات مسلم امہ کا ایک بہت بڑا المیہ ہیں۔ آئندہ برسوں میں نجانے اور کتنے ایسے المیے ہمارے منتظر ہیں۔ اس انتہائی تکلیف دہ صورت حال پر دنیائے اسلام کی حکومتوں، علماء، مفکرین، مذہبی و سماجی راہنما اور تنظیموں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج و عمرہ کے اس دکھ درد، مشکلات و پریشانیوں کو محسوس کرتے ہوئے اور ان المناک واقعات اور سانحات کی روک تھام اور عازمین حج وعمرہ کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے عالمی سطح پر ایک مہم کا آغاز کرتے ہوئے مختلف ممالک پاکستان، ایران، مصر، کویت، ملائشیا، بنگلہ دیش، لبنان، فلسطین، اردن، ترکی، اومان، صومالیہ، شارجہ، انڈیا، ٹوکیواور تھائی لینڈ کے مفکرین اور مذہبی سکالرز کو خطوط جاری کئے جس میں ان کی توجہ اس انتہائی اہم مسئلہ کی طرف دلائی گئی۔ اس مہم کی تفصیلات ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کی ویب سائٹ www.abhuk.com پر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

خالد پرویز نے کہا ہے کہ اس عالمی مہم کا مقصد ایک ایسا مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے کہ جس سے ہرسال 20لاکھ سے زائد عازمین حج و عمرہ کی مشکلات و مسائل کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ افسوسناک اور المناک واقعات و حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔

Leave a Reply

Scroll To Top