Home / اردو / حج ٹور آپریٹر کے خلاف عدالتی فیصلے کا خیر مقدم

حج ٹور آپریٹر کے خلاف عدالتی فیصلے کا خیر مقدم

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے بلیک برن کاؤنٹی کورٹ کے حج ٹور آپریٹر کے خلاف دئیے گئے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اِسے انصاف کی فتح اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی قرار دیا ہے جو کہ عازمینِ حج و عمرہ کی لوٹ کھسوٹ کرتے چلے آرہے ہیں۔

کاؤنٹی کورٹ نے حاجی ایوب بہادر اور ان کی بیوی کی جانب سے دورانِ حج ٹور آپریٹر کے ناروا سلوک اور غیر معیاری سروس مہیا کرنے پر دائرکئے گئے کیس میں ٹور آپریٹر کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے اُسے حاجی ایوب بہادر کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج پچھلے کئی برسوں سے عازمینِ حج و عمرہ کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس غیر اخلاقی و غیر قانونی سلوک اور ناانصافیوں کے خلاف مہم چلاتی چلی آ رہی ہے،ایک بار پھر برطانیہ کے عازمینِ حج و عمرہ پر زور دیا ہے کہ اس فیصلے سے یہ بات واضح طور پر اُجاگر ہو رہی ہے کہ یہاں کا قانونی نظام اُن کی پوری طور پر مدد کرنے اور تحفظ کیلئے موجود ہے۔ اس لئے کمیونٹی اور عازمین لوٹ کھسوٹ اور ناانصافیوں کے موجودہ جڑ پکڑتے ہوئے کلچر کو ختم کرنے کیلئے بھرپور اقدام کریں۔ اور اللہ کے مہمانوں کا استحصال کرنے والوں کو اپنے انجام تک پہنچائیں۔

ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے کہا ہے کہ ان مسائل اور مشکلات سے بچنے کیلئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ ایک معقول معاوضہ کے عوض مہیا کی جانے والی سہولیات سے متعلق روانگی سے قبل ٹورآپریٹر اور عازمین ایک کنٹریکٹ پر سائن کریں۔ تاکہ بعد میں مسائل پیدا نہ ہوں۔

Leave a Reply

Scroll To Top